نئی دہلی، 27/اکتوبر (ایس او نیوز /ایجنسی)کانگریس نے مودی حکومت پر آئینی اداروں کی تباہی کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس کی وجہ سے اقربا پروری اور بدعنوانی میں اضافہ ہوا ہے۔ پارٹی کے رہنماؤں کا کہنا ہے کہ اس صورتحال نے سیبی جیسے اداروں میں بھی بے ضابطگیاں پیدا کی ہیں، جو کہ معیشت کے لیے شدید نقصان دہ ثابت ہو رہی ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ حکومت کی ناکامی کی وجہ سے ملک کی اقتصادی بنیادیں متاثر ہو رہی ہیں۔
لوک سبھا میں حزب اختلاف کے لیڈر راہل گاندھی نے ہفتہ کوجاری ایک بیان میں کہا کہ آئینی اداروں پر حملہ سب سے خطرناک ہے۔ جس کی وجہ سے ملکی معیشت میں بدعنوانی جڑ پکڑ رہی ہے اور ملکی ترقی کی بنیاد کھوکھلی ہوتی جا رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ادارہ جاتی تنزل نے ملک میں اقربا پروری کو جنم دیا ہے اور ہماری معیشت اب مسابقت بڑھانے کے بجائے اجارہ داری کو فروغ دے رہی ہے۔ چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار رجعت پسند ٹیکس نظام میں پھنس گئے ہیں، کاروباری افراد جدوجہد کر رہے ہیں اور خوردہ سرمایہ کار غیر یقینی اور غیر محفوظ بازار کی جانب دیکھ رہے ہیں۔ معیشت کا یہ ماحول خوشحالی اور اختراع کے لیے قابل اور موثر بنانے والا نہیں ہے۔
سیکورٹیز اینڈ ایکسچینج بورڈ آف انڈیا (سیبی ) کے سربراہ مادھبی پوری بچُ کے خلاف الزامات کا حوالہ دیتے ہوئے راہل گاندھی نے کہا ’’مادھبی پوری بچُ کا گھپلہ اس بات کی ایک مثال ہے کہ جب ادارے ٹوٹ جاتے ہیں اور بھائی چارہ حاوی ہوجاتا ہے تو کیا ہوتا ہے۔ جن لوگوں کو عام ہندوستانیوں اور ان کی سرمایہ کاری کے تحفظ کی ذمہ داری سونپی گئی ہے انہوں نے اپنی ذمہ داریوں سے انکار کردیا ہے اور وہ لوگ خود ہی بڑے پیمانے پر ہورہی بدعنوانی میں ملوث ہیں۔ اس گھپلے کے بارے میں اب تک جو معلومات سامنے آئی ہیں وہ محض ابتدائی ہیں۔ بدعنوانوں کو تحفظ فراہم کرنے کا کام ایک بڑا سنڈیکیٹ کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا ’’کانگریس پارٹی مسلسل ان معاملات کو اٹھا رہی ہے، کئی گھپلوں کی تحقیقات کر رہی ہے اور سچائی کو بے نقاب کر رہی ہے۔‘‘
کانگریس کے کمیونیکیشن ڈپارٹمنٹ کے سربراہ پون کھیڑا نے اس معاملے پر سوال کیا ’’اسٹاک مارکیٹ میں چھوٹے اور درمیانے درجے کے 10 کروڑ سرمایہ کاروں کی محنت سے کمائی گئی رقم میں کون ہیرا پھیری کر رہا ہے؟ حکومت کو جواب دینا چاہیے کہ وہ سیبی کے چیئرپرسن کو گھپلوں سے متعلق پارلیمانی تحقیقات سے کیوں بچا رہی ہے۔ سوال یہ بھی ہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی اور وزیر داخلہ امت شاہ بازار کے مضبوط ریگولیٹر سیبی کے تقدس اور سالمیت کو کیوں تباہ کر رہے ہیں۔‘‘انہوں نے کہا کہ آزادی کے 78 سالوں میں ملک کی کسی بھی حکومت نے آئینی اداروں کے ساتھ سمجھوتہ نہیں کیا لیکن مودی حکومت ان پر مسلسل حملے کر رہی ہے جس کا خمیازہ ملک کے عوام کو بھگتنا پڑ رہا ہے۔